ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہم تشدد اور نفرت کے خلاف متحد ہیں:نریندرمودی سمیت عالمی رہنماؤں کا رد عمل

ہم تشدد اور نفرت کے خلاف متحد ہیں:نریندرمودی سمیت عالمی رہنماؤں کا رد عمل

Fri, 15 Jul 2016 16:27:11  SO Admin   S.O. News Service

پیرس،15؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فرانس کے جنوبی شہر نیس میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے ہونے والی درجنوں ہلاکتوں کے بعد عالمی رہنماؤں نے اس دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔امریکہ کے صدر براک اوباما نے اسے ایک ہولناک حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر وہ امریکہ کے دیرینہ ساتھی فرانس کے ساتھ ہیں۔یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ یہ بہت تلخ حقیقت ہے کہ لوگ آزادی، برابری اور بھائی چارے کا جشن منا رہے تھے کہ اُن پر حملہ کیا گیا۔انھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یورپ اور ایشیا کے رہنما نیس کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم تشدد اور نفرت کے خلاف متحد ہیں۔چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور ہمیں متاثرین سے ہمدردی ہے۔ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔جاپان نے نیس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شینزو آبے نے کہا کہ ایسے حملے برداشت نہیں کیے جا سکتے اور یہ بہت ظالمانہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جاپان فرانس کے ساتھ ہے۔
روس کے وزیراعظم نے بھی فرانس سے اس خطرناک حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ روس کے وزیراعظم دمیتری میدوی دیو نے حملے کی زد میں آنے والے افراد سے گہرے رنج کا اظہار کیا۔ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں روسی وزیراعظم نے کہا کہ میں فرانس سے اور اُن تمام افراد سے جو اس حملے میں زخمی ہوئے اور ہلاک ہونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔حملے کے بعد ہی فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے ایک نیوز کانفرنس کی جس میں انھوں نے اس حملے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ فرانس اس وقت آبدیدہ اور غم زدہ ہے، لیکن وہ مضبوط ہے اور فرانس ان افراد کے مقابلے میں ہمیشہ مضبوط رہے گا جو آج حملہ کرنا چاہتے تھے۔برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ بورس جانسن نے بھی نیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ نیس میں ہونے والے انتہائی خراب واقعے اور خوفناک طریقے سے زندگیوں کے ضیاع پر انھیں صدمہ اور افسوس ہے۔بیلجیئم کے نائب وزیرِ اعظم ڈیڈیئر رینڈرز نے کہا ہے کہ میں اپنے ملک کی طرف سے اپنے فرانسیسی ساتھیوں سے اظہارِ افسوس اور اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں۔جرمنی کی چانسلر اینگلا میرکل اور فرانس کے وزیر خارجہ ژاں مارک منگولیا میں ہونے والی ایشیا یورپ میٹنگ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کرنے گئے ہیں جہاں ان رہنماؤں نے نیس کے متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فرانس میں ہونے والے حملے پر پاکستانی عوام رنجیدہ ہیں اور اس المناک موقع پر فرانسیسی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان فرانس کے دکھ سے اچھی طرح واقف ہے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کی ریاست ہونے کے ناتے ہم نے ایسے کئی واقعات کا سامنا کیا ہے۔ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ تشدد کے اس واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے ہلاک شدگان کے لواحقین سے بھی ہمدردی ظاہر کی ہے۔امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلٹن نے بھی اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ہولناک قرار دیا اور کہا کہ اس سے ان کا دل بیٹھ گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ بہت واضح انداز سے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہے، انھیں تنہا نہیں چھوڑنا ہے اور نیٹو سمیت ہمیں اپنے اتحادیوں کو اور مضبوطی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔


Share: